واشنگٹن،3؍فروری(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)مالٹا میں جمعے کو منعقدہ یورپی یونین کے خصوصی سربراہی اجلاس میں مہاجرت کی وجہ سے لاحق خطرات، بریگزٹ اور نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اہم ترین موضوعات ہیں۔ 28 رکنی یورپی یونین کے اس سربراہی اجلاس میں لیبیا سے مہاجرین کی بڑی تعداد میں یورپی یونین پہنچنے کے خدشات اہم موضوع ہیں، تاہم بریگزٹ کی وجہ سے یورپی یونین کو درپیش چیلنج بھی اس سمٹ میں زیربحث ہو گا۔ یورپی کونسل کے سربراہ ڈونلڈ ٹسک نے اپنے ایک حالیہ بیان میں کہا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ یورپی یونین کے لیے ایک خطرہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ روسی جارحانہ رویہ، چینی کا بڑھتا اثرورسوخ اور یورپی سطح پر عوامیت پسندانہ سوچ میں اضافہ بھی یورپی یونین کو درپیش بڑے خطرات ہیں۔